انٹر نیشنل

منشیات فروش میں ملوث انڈر ورلڈ کا ڈان دُبئی سے پکڑا گیا

فرانسیسی پولیس کو مطلوب مفید بوشیبی انٹرپول کی ہٹ لسٹ پر تھا، دس سال پکڑے نہ جانے پر اسے ’بھوت‘ کا نام دیا گیا تھا

دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 اپریل2021ء) دُبئی پولیس کی کارکردگی کو دُنیا بھر میں بہترین تسلیم کیا جاتا ہے۔ ایک بار پھر دُبئی پولیس نے دُنیا کے کئی ممالک کے لیے درد سر بنے ہوئے منشیات مافیا کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے جسے پچھلے دس سالوں سے فرانسیسی پولیس پکڑنے میں ناکام رہی تھی۔ دُبئی پولیس کے مطابق 39 سالہ ملزم مفید بوشیبی فرانس کا سب سے بڑا اسمگلر تھا۔
وہ کئی سال سے مفرور ہونے کی بناء پر انٹرپول کی ہٹ لسٹ پر بھی تھا۔ اُردو نیوز کے مطابق بوشیبی فرانس میں چرس درآمد کرنے والے بڑے سرغنوں میں سے ایک ہے۔ اسے فرانس میں ’موف‘ کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ فرانس کی پولیس اسے انتہائی خطرناک قرار دیے ہوئے ہے۔ دس سال سے نظروں سے اوجھل ہونے کے باعث فرانسیسی حکام اسے’بھوت‘ کا نام دیے ہوئے تھے۔
دبئی پولیس نے بتایا کہ مفید بوشیبی کی گرفتاری انٹرپول کی جانب سے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے کچھ ہی عرصے بعد عمل میں آگئی۔ انٹرپول نے نشہ آور اشیا کے کاروبار اور خطرناک جرائم پیشہ تنظیموں سے تعلقات کے الزام میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔دبئی پولیس نے بتایا کہ مفید بوشیبی فرضی نام سے امارات پہنچا تھا اورآمد سے قبل ویزا حاصل کیا تھا۔
دبئی پولیس نے بتایا کہ گرفتاری فرانسیسی حکام اور انٹرپول کے تعاون سے عمل میں آئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہیکہ مفید بوشیبی عرف ’بھوت‘ کئی برس سے انسداد منشیات پولیس کو چکمہ دیے ہوئے تھا۔ 2015 میں اس کے خلاف بیس برس قید کی سزا کا حکم جاری ہوا تاہم وہ روپوش رہا۔ وہ سالانہ 50 سے 60 ٹن حشیش یورپی ملکوں کو بھیج رہا تھا۔ حشیش کی مجموعی قیمت کا تخمینہ 70 ملین یورو کے لگ بھگ ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Open chat
Need help ?