تازہ ترین

وزیراعظم عمران خان کا سابق بھارتی وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کی کورونا سے جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔ وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

وزیراعظم عمران خان نے سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کی کوروناء سے جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
من موہن سنگھ کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اسپتال داخل کر دیا گیا تھا۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے من موہن سنگھ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کی کوروناء سے جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔ خیال رہے بھارت میں یومیہ بنیادوں پر نئے کورونا کیسز کی تعداد میں کچھ کمی ہوئی ہے لیکن یہ تعداد اب بھی دو لاکھ سے کہیں زیادہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید 1761 لوگ چل بسے، جس کے بعد بھارت میں اس وبا سے مرنے والوں کی کل تعداد ایک لاکھ اسی ہزار پانچ سو تیس ہو گئی ہے۔ دارالحکومت دہلی میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جبکہ ملک میں جاری ویکسینیشن مہم میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ یکم مئی سے ملک کے تمام بالغ شہریوں کو مفت ٹیکے لگائے جائیں گے۔ تاہم ملک کے کئی علاقوں میں ویکسین کی قلت کی شکایات ہیں۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ کروڑوں کی تعداد میں مزید ٹیکے کہاں سے آئیں گے۔ دوسری جانب بھارت میں کورونا کی بدتر صورتحال کے باوجود انتخابی جلسے کرنے پر مودی کو تنقید کا سامنا کر نا پڑا ہے۔ مغربی ریاست بنگال میں مودی نے پہلی بار بڑا ہجوم اکٹھا ہونے پر عوام کو سراہا، جس پر کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا کہ ایسا بھی پہلی بار ہے کہ جب ملک میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ بیمار ہیں اور ریکارڈ اموات ہورہی ہیں۔
کانگریس رہنماؤں نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث بنگال میں انتخابی سرگرمیاں ملتوی کردی ہیں۔ دریں اثناں پاکستان میں کورونا کی صورتحال کو دیکھا جائے تو کورونا وبا کے باعث مزید 137 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ تقریباً ساڑھے 5 ہزار مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 68 ہزار 002 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 11,272,53 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 445 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 766,882 ہوگئی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Open chat
Need help ?