تازہ ترین

یوم مزدور ; وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزدور کی کم از کم اُجرت بڑھا دی

صوبائی حکومت نے محنت کشوں کو ریلیف دیتے ہوئے ورکرز کی کم از کم اجرت 20 ہزار روپے کرنے کا اعلان کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محنت کشوں کو ریلیف دیتے ہوئے مزدور کی کم از کم اُجرت بڑھانے کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان یکم مئی کو یوم مزدور کی مناسبت سے کیا گیا جس کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم مئی پر محنت کشوں کو ریلیف دیتے ہوئے ورکرز کی کم از کم اُجرت 20 ہزار روپے کر دی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ محنت کش کی فلاح و بہبود سب سے زیادہ مقدم ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں ورکرز کی کم از کم اُجرت 20 ہزار روپے کرنے کی منظوری دی ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے 3 برس میں ورکرز کی کم از کم اُجرت میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سابق دور میں ورکرز کی فلاح و بہبود پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، ماضی کی حکومت نے محنت کشوں کو ریلیف دینے کے لیے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا، سابق حکمرانوں نے 5 سالہ دور میں ورکرز کی کم از کم اُجرت میں صرف 3 ہزار روپے کا اضافہ کیا، ہماری حکومت ورکرز کی کم از کم اجرت میں آئندہ بھی اضافہ کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فرسودہ نظام ختم کر کے آن لائن لیبر انسپکشن کا نفاذ کیا گیا ہے، سوشل سکیورٹی کنٹری بیوشن کی شفاف اور باسہولت ادائیگی کے لیے سیلف اسسمنٹ سکیم کا اجراء کیا گیا ہے، سوشل سکیورٹی اسپتالوں میں عوام کے لیے مفت ایمرجنسی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی، سوشل سکیورٹی انسپکشن 20 فیصد تک محدود کی گئی ہے، ورکرز کے لیے میرج گرانٹ ایک لاکھ سے بڑھا کر 2 لاکھ جبکہ ڈیتھ گرانٹ 5 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پنجاب حکومت نے مزدوروں کی کم از کم اُجرت میں دو ہزار روپے کا اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب مینیمم ویجز بورڈ نے مزدوروں کی کم از کم اُجرت میں اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا جس کے بعد مزدوروں کی ماہانہ کم از کم اُجرت 17500 سے بڑھا کر 19500 کر دی گئی ہے اور کم از کم روزانہ اُجرت 750 روپے مقرر کی گئی۔ واضح رہے کہ آج دنیا بھر کی طرح ملک بھر میں بھی شکاگو میں مزدوروں کی شاندار جہدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیشن کرنے کیلیے آج (یکم مئی ) یوم مزدور منایا جا رہا ہے اور ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ دن کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر میں حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Open chat
Need help ?