پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کی ہے جن کی رو سے نئی حکومت احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کر رہی ہیں۔
جمعے کو ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں پہلے خطاب میں واضح کیا تھا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ’کوئی پروگرام بند نہیں ہوا، عوام کی بھلائی کے ہر منصوبے کو مزید بہتر بنائیں گے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصادف کی حکومت نے 2019 میں احساس پروگرام کا آغاز کیا تھا اور سابق وزیراعظم عمران خان اسے اپنی حکومت کی اہم کامیابی گردانتے تھے۔