ہمارا کوئی بھی دشمن پاک ایران رشتوں کی مضبوطی و پختگی کو کمزور نہیں کر سکتا وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری

ہمارا کوئی بھی دشمن پاک ایران رشتوں کی مضبوطی و پختگی کو کمزور نہیں کر سکتا: وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری

دین سمجھنے کیلئے سب کے اجتہاد مختلف ہو سکتے ہیں

؛ تاہم سب بین المسالک ہم آہنگی کے داعی ہیں: علامہ حمید شہریاری”اسلامی مکاتب فکر کی قربت کے عالمی فورم ” کے جنرل سیکرٹری علامہ حمید شہریاری کی سربراہی میں ایرانی وفد کی مذہبی امور آمد

(اسلام آباد: 28 دسمبر، 2021)

“اسلامی مکاتب فکر کی قربت کے عالمی فورم ” کے جنرل سیکرٹری علامہ حمید شہریاری کی سربراہی میں ایرانی وفد کی وزارتِ مذہبی امور آمد اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ملاقات۔ وفد میں ایرانی ایکسپرٹ اسمبلی کے رکن اور معروف سنی عالم دین مولوی نذیر احمد، ایرانی سفیر جناب سید محمد علی حسینی اور ایرانی کلچرل کونسلر احسن خزاعی شامل تھے۔ ایرانی وفد کی وزارتِ مذہبی امور آمد پر پیر نور الحق قادری نے پرجوش خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ علماء کے قدم ہمیشہ باعث خیر و برکت ہوتے ہیں ۔

پاکستان کا ایران سے دینی ، ثقافتی، تاریخی، دل اور روح کا رشتہ ہے۔ ہمارا کوئی بھی دشمن پاک ایران رشتوں کی مضبوطی و پختگی کو کمزور نہیں کر سکتا۔ تصوف کی اہم کتب اور تمام استعارے فارسی زبان میں ہیں۔ فارسی زبان کے فروغ سے دونوں ملکوں کے مابین دینی، روحانی اور علاقائی تعلق کو مزید فروغ ملے گا۔ پاکستان، ایران، تاجکستان اور افغانستان کی نزدیکی کیلئے فارسی زبان کا فروغ ناگزیر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلکی تنازعات کو فروغ دینے والے عناصر کے جھوٹے پراپیگنڈہ بے نقاب کر نے کی ضرورت ہے۔ ہمیں بڑے تنازعات کو ختم اور معمولی تنازعات کو کم سے کم کرنا چاہئے۔ ہمارے ماخذ اور مراجع قرآن و سنت ہیں۔ ہم آہنگی کا واحد راستہ مکالمہ اور دوسرے کی بات کو سمجھنا ہے۔

ایران، عراق اور شام کی زیارات کو آسان بنانے کیلئے ایک ڈائریکٹوریٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ پاکستان اور ایران کا عالمی سیاسی معاملات میں یکساں موقف رہا ہے۔ کشمیر پر بھارتی جبر کے خلاف ترکی اور ایران نے واضح اور قابلِ تقلید موقف اپنایا ۔

اس سے قبل “اسلامی مکاتب فکر کی قربت کے عالمی فورم ” کے جنرل سیکرٹری علامہ حمید شہریاری نے کہا کہ فارسی بر صغیر کی مشترکہ زبان رہی ہے۔ اقبال ِ لاہوری کا بیشتر شعری ذخیرہ فارسی میں ہے۔ سب سے پہلے ایران نے پاکستان کو تسلیم کیا۔ ہم ہر مشکل وقت میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امہ مسلمہ ایک درخت کی مانند ہے، ہم نے جڑوں کو چھوڑ کر شاخوں پر توجہ دی ہوئی ہے۔ مسائل کی بڑی وجہ امت مسلمہ کا اتحاد نہ ہونا ہے۔ دین کے مختلف مسالک اور فقہی رنگ زحمت نہیں بلکہ بہتری کیلئے اور باعث رحمت ہیں ۔ دین سمجھنے کیلئے سب کے اجتہاد مختلف ہو سکتے ہیں تاہم سب بین المسالک ہم آہنگی کے داعی ہیں۔ خوشی ہے کہ اب ہم مسلکی کشمکش کو چھوڑ کر عالم اسلام کیلئے سوچ رہے ہیں۔ جزوی اختلافات اپنی جگہ مگر اس کے باعث بڑے اختلافات نہیں ہونے چاہئیں۔ ہمیں اجتماعی مسائل پر متحد رہنا اور اختلافی مسائل کو کم سے کم رکھنا ہو گا۔ اپنا مذہب چھوڑیں نہیں اور کسی کے مذہب کو چھیڑیں نہیں۔ عالم اسلام عالمی طاقتوں کا تختہ مشق بنا ہوا ہے۔

ہمیں طویل عرصہ سے فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل میں پھنسایا ہوا ہے ۔ وزیر مذہبی امور کو ماہ ربیع الاول میں سالانہ عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں شرکت کیلئے دورہ ایران کی دعوت دیتے ہیں ۔ ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا کہ لاہور ، کراچی سے مشہد کی براہ راست پروازیں یکم جنوری سے شروع ہو رہی ہیں۔ مشہد اور نجف کے مابین پروازوں کی کوڈ شیئرنگ کیلئے پی آئی اے چیئرمین سے ملاقات کر رہے ہیں ۔ دونوں ملکوں کے مابین مذہبی و روائتی سیاحت کے فروغ پر کام کر رہے ہیں۔ فارسی زبان کی ترویج کیلئے وزیر مذہبی امور کے خیالات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

پاک ایران ثقافتی معاہدے کے تحت طلباء و اساتذہ کے تبادلہ پر کام کیا جائےگا۔ ایرانی قونصل دفاتر میں پاکستانی تاجروں کو ویزہ کے اجرا میں ترجیح دی جائے گی۔ دونوں ممالک کی پہلے سے موجود بارڈر مارکیٹس کو اپ گریڈ اور نئی مارکیٹس تعمیر کی جائیں گی۔ #Iran #Iranian #Delegation #WFPIST

اپنا تبصرہ بھیجیں