ڈویلپمنٹ اتھارٹیز ریاستی خزانے پر بوجھ بننے کے بجائے اپنی آمدن بڑھائیں اور جس مقصدکیلئے ان کا قیام عمل میں لایا گیا

وزیراعظم آزاد کشمیر

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ فیاض علی عباسی، چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد سید اظہر گیلانی،ڈی جی میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران خالد، چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی باغ محمد شفاعت خان، چیئرمین پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سردار ارشد نیازی اور چیئرمین نیلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید صداقت حسین شاہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں ترقیاتی اداروں کے سربراہان نے وزیراعظم کو اداروں کے معاملات و مسائل اور مستقبل کی پیش بندیوں کے حوالہ سے بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کا ریکارڈ آن لائن کیا جائے گا۔ تما م شہروں کی خوبصورتی کو بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی کہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے ماضی میں جو ٹھیکے رولز کی خلاف ورزی کر کے دیے گئے انہیں منسوخ کر کے دوبارہ ٹینڈرنگ کی جائے۔ ماضی کی روایات کو توڑ کر شہروں کی خوبصورتی بڑھانے اور مستقبل کے چینلجز کو مدنظر رکھ کر پلان بناکر ان پر عملدرآمد کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز ریاستی خزانے پر بوجھ بننے کے بجائے اپنی آمدن بڑھائیں اور جس مقصدکیلئے ان کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اس کا سوفیصد حصول یقینی بنایا جائے۔ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، ترقیاتی ادارے ریاستی مفاد کو مقدم رکھ کر کام کریں، شہروں میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کے ساتھ مل کر آپریشن کیا جائے اور قبضہ مافیاسے اراضی واگزار کروائی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ جن لوگوں بالخصوص اوورسیز نے مختلف ہاؤسنگ سکیموں میں پلاٹ لیے ان پر قبضہ ہو گیا، قبضہ فوری واگزار کرواتے ہوئے پلاٹ مالکان کے حوالے کیے جائیں۔ تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پلاٹوں کے ریکارڈ کو آن لائن کریں تاکہ دنیا میں کسی بھی جگہ سے بیٹھ کو اوورسیز اپنی املاک کا ریکارڈ دیکھ سکیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ مظفرآباد اور میرپور شہر کی خوبصورتی بڑھانے پر خصوصی فوکس کیا جائے۔ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے سپیشل پیکج پر بھی غور کررہے ہیں تاکہ بروقت جاریہ منصوبوں کو مکمل کر کے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کی جاسکیں۔
انہوں نے کہاکہ ٹاؤن پلاننگ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے اور مستقبل کے چینلجز کو مد نظررکھا جائے۔ رہائشی سکیمز شروع کرنے سے پہلے ان کی موثرپلاننگ کی جائے۔

PMAbdulQayyumNiazi

اپنا تبصرہ بھیجیں