سینئر رہنما کے ساتھ کے پی کے پولیس کا رویہ ہتک آمیز اور قابل گرفت ہےخرم نواز گنڈاپور

پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاسپاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض و مشاورت کی گئی۔ عہدیداران و تنظیمات کو موزوں امیدواروں کے حوالے سے تجاویز دینے کی ہدایات بھی کی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم کو منظم انداز سے چلایا جائے گا۔ ملک بھر میں تنظیمی انفرا سٹرکچر کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک ہزارہ زون کے صدر نصیر جدون کی بلا جواز گرفتاری اور پولیس کے توہین آمیز سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ پولیس کے اس رویے کو جمہوری اقدار اور آزادی اظہار کی نفی قرار دیا گیا۔ اجلاس میں اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنما کے ساتھ کے پی کے پولیس کا رویہ ہتک آمیز اور قابل گرفت ہے، حکومت برداشت کا مادہ پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ نصیر خان جدون نے کچھ ایسا نہیں کیا تھا کہ ان کے خلاف پولیس ایکشن کروایا جاتا۔اجلاس میں مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، ابرار رضا ایڈووکیٹ نے آن لائن شرکت کی۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں راجہ زاہد محمود، میاں زاہد اسلام، میاں ریحان مقبول، نور احمد سہو، قاضی شفیق، نور اللہ صدیقی، عارف چوہدری، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، عائشہ مبشر، ام حبیبہ اسماعیل، میاں کاشف محمود، ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری، ملک طاہر اعوان و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک متناسب نمائندگی اور مضبوط بلدیاتی اداروں کو عوامی مسائل کے حل کی ضمانت سمجھتی ہے۔ جتنے بلدیاتی ادارے مضبوط ہوں گے، عوامی مسائل بھی اتنی تیزی سے حل ہوں گے۔ سابق حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غیر ضروری تاخیر کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک امید کرتی ہے کہ اب مزید تاخیر نہیں ہو گی اور عوام کی خدمت کے ادارے عوام کے حوالے کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں