پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جو نظام کی تبدیلی کے ایجنڈے کے ساتھ میدان عمل میں ہے، غلام علی خان


حکومت مئی میں اعلان کردہ بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق کروانے کو یقینی بنائے،غلام علی خان
عوامی تحریک کا بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلعی سطح پر بلدیاتی کنونشنز کے انعقاد کا فیصلہ
اسلام آباد(زی این این ) 20جنوری 2022ء
ترجمان پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب غلام علی خان نے کہا ہے کہ حکومت مئی میں بلدیاتی انتخابات کے اعلان پر قائم رہے،اوراپنے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنائے، انہوں نے بتایا کہ عوامی تحریک نے بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلعی سطح پر بلدیاتی کنونشنز کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے،انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں راولپنڈی،جہلم، بکھر اور میانوالی میں بلدیاتی کنونشنز کا انعقاد کیا جائے گا، بلدیاتی کنونشنز میں سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور خصوصی شرکت کریں گے،دیگر قائدین میں صدر شمالی پنجاب قاضی شفیق،ملک توقیر اعوان ملک طاہر جاوید بھی شرکت کریں گے،غلام علی خان نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک عوامی حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی، اس کے لئے خواہ بلدیاتی انتخابات ہوں یا جنرل الیکشن ہوں،پاکستان عوامی تحریک اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانے کے لئے کرپٹ نظام کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جو نظام کی تبدیلی کے ایجنڈے کے ساتھ میدان عمل میں ہے، نظام کی تبدیلی کے لئے عوامی تحریک نے 14سے زائد جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے،اب بھی عوامی تحریک کے کارکنان نظام کی تبدیلی کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک متناسب نمائندگی اور مضبوط بلدیاتی اداروں کو عوامی مسائل کے حل کی ضمانت سمجھتی ہے،جتنے بلدیاتی ادارے مضبوط ہوں گے، عوامی مسائل بھی اتنی تیزی سے حل ہوں گے، سابق حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غیر ضروری تاخیر کی ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک امید کرتی ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں اب مزید تاخیر نہیں ہو گی اور عوام کی خدمت کے ادارے عوام کے حوالے کئے جائیں گے،ٍ

اپنا تبصرہ بھیجیں