اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیردفاع پرویزخٹک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب میں پیٹرول 10 روپے سستا کرنےکا اعلان کریں گے۔نوشہرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہبین الاقوامی سطح پرپیٹرول سستا تو نہیں مل رہا لیکن ڈھائی سو ارب روپے حکومت دے گی جس سے پیٹرول کی قیمت کم ہوگی اور 4 ماہ تک پیٹرول مہنگا نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اگر عالمی سطح پربہتری آئی اور پیٹرول سستا ہوا تو پھر پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی آجائے گی ۔پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کی کمی کا اعلان ہوجائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ تیسرااہم اعلان یہ ہوگا کہ بے روزگاربی اے پاس افراد کو ماہانہ 10 سے 20 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
آئی سیکٹر کے لیے 100 فیصد ٹیکس معاف کردیا گیا ہے، فارن ایکسچینج میں کچھ پابندیاں لگائیں تھیں لیکن اب مکمل طور پر چھوٹ دے دی ہے،
کہا ہے کہ دنیا میں بہت تیزی سے صورت حال بدل رہی ہے، جس کے اثرات پاکستان پر پڑ رہے ہیں، میں نے چین اور روس کا دورہ کیا اور سفارتی صورت حال کو قوم کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔
وزیراعظم کا مختلف منصوبوں اور ریلیف کا اعلان
وزیراعظم عمران خان نے مستقبل کے منصوبوں اور ریلیف کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اووسیزز پاکستانیوں کو انڈسٹری لگانے پر پانچ سال تک ٹیکس کی چھوٹ دیں گے، نوجوانوں اور کسانوں کوسوفیصد سود کے بغیرقرضے فراہم کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ آئی سیکٹر کے لیے 100 فیصد ٹیکس معاف کردیا گیا ہے، فارن ایکسچینج میں کچھ پابندیاں لگائیں تھیں لیکن اب مکمل طور پر چھوٹ دے دی ہے، ساری پابندیاں ختم کردی ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 26 لاکھ اسکالرشپ میں 38 ارب روپے خرچ کریں گے، پرائم منسٹر پورٹل پر اپنے مسائل پیش کرسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بینکوں نےاب تک150ارب کے قرضےدےچکےہیں، مارچ کے آخرتک ہرگھرانے کے پاس صحت کارڈ ہوگا، جس سے وہ 8 لاکھ روپے تک کا کسی بھی اسپتال سے بالکل مفت علاج کراسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اوپر پڑنے والے بوجھ کم کرنے کیلئے ہروقت سوچتا رہتا ہوں۔
وزیراعظم کا ملک میں مہنگائی کا اعتراف
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل حالات سے نکل رہےتھے کورونا آگیا، اس دوران عالمی سطح پر مہنگائی بڑھ گئی، امریکا میں مہنگائی سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ہم چونکہ تیل،گھی اور دالیں سترفیصد امپورٹ کرتے ہیں، اس وجہ سے پاکستان میں مہنگائی ہوئی مگر پاکستان اُن ممالک میں سے تھا جس نے کورونا کے ساتھ مہنگائی پر بھی قابو کیا، جس کی تصدیق عالمی جریدوں میں شائع ہونے والی رپورٹس ہیں۔
حکومتی کارکردگی
پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ماحولیات، کورونا وبا کے دوران معیشت کو سہارا دینے، 38 ارب ڈالر کی ریکارڈ ایکسپورٹ اور شرح نمو پر ٹیکس محصولات 31 فیصد حاصل کیں، کسانوں نے چار فصلوں گندم، گنا، مکئی، چاول، کپاس کی ریکارڈ فصلوں پر پہلی بار 1100 ارب روپے کا نفع کمایا، جس کی وجہ قومی اسمبلی میں قانون سازی ہے جبکہ پچھلے سال سے بیس فیصد زیادہ ٹریکٹر فروخت ہوئے۔
’ماضی کی غلط خارجہ پالیسیوں کے نتائج ہم نے بھگتے‘
عمران خان نے کہا کہ ہم نے ماضی میں غلط خارجہ پالیسیاں بنائیں،ہم سوویت یونین کے خلاف افغان جہاد میں شریک ہوئے اور پھر نائن الیون کے بعد افغانستان میں امریکا کے ساتھ جنگ کا حصہ بنے، اس کی وجہ سے 80 ہزار پاکستانیوں کی شہادتیں ہوئیں، ہمیں ڈیڑھ سو ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا جبکہ قبائلی علاقوں سے شہریوں کو نقل مکانی کرنا پڑی۔
’ہم نے جس ملک کے لیے جنگ لڑی اُس نے 400 سے زائد ڈرون حملے کیے‘
’ہم نے جس ملک کے لیے جنگ لڑی اُس نے 400 سے زائد ڈرون حملے کیے، یہ ہمارے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے بہت شرمناک تھا، مشرف کے دور میں ڈرون حملے ہوئے جو جمہوری لیڈر نہیں تھا مگر نوازشریف اور زرداری کے دور میں بھی جمہوری رہنماؤں نے ڈرون حملوں پر کوئی آواز نہیں اٹھائی‘۔
’پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد کرنے کا پہلے روز سے خواہش مند ہوں‘
انہوں نے خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئےدعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ڈرون حملے اور اس میں شہریوں کی ہلاکت سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر ملک میں آزاد خارجہ پالیسی چاہتے ہیں تو کبھی ایسی پارٹی کو ووٹ نہ ڈالیں جس کے قائدین کے اثاثے بیرون ملک میں ہوں، جب سے سیاست کی تب سے خواہش رہی کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد ہو جس سے کسی دوسرے کو فاہدہ نہ پہنچے۔
’دورۂ روس اور چین میں پاکستان کو عزت ملی‘
وزیراعظم نے کہا کہ چین اور روس کے دورے سے پاکستان کوعزت ملی، روس کےدورے کا مقصد 20 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنا ہے جبکہ چین کے دورے کا مقصد سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہے، جس کے اثرات اور نتائج آئندہ دنوں میں قوم کے سامنے آجائیں گے۔
’پیکا قانون 2016 میں بنا ہم ترمیم کررہے ہیں‘
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزادی صحافت پر پابندی سے متعلق گمراہ کن باتیں ہورہی ہیں، پیکا قانون 2016 میں بنا لیکن ہم صرف ترمیم کررہے ہیں، جو ملک کا سربراہ ہے اور اس نے کبھی کرپشن نہیں کی اسے کبھی بھی آزاد صحافت سے خطرہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 70 فیصد خبریں ہمارے خلاف ہیں، پیکا ترمیمی قانون میں آرڈیننس کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان سوشل میڈیا پر ایسا گند آرہا ہے جو ناقابل برداشت ہے، ایف آئی اے کے پاس 54 ہزار کیس رجسٹرڈ ہیں، لوگوں کے گھر اجڑ رہے ہیں،خواتین اور بچوں سے متعلق فیک نیوز آرہی ہیں، مجھے بھی نہیں بخشا گیا اور میری اہلیہ کے گھر چھوڑنے سے متعلق غلط باتیں کی گئیں، آزادیٔ صحافت کے نام پر لوگ بلیک میل کررہے ہیں، ماضی میں جب ایک صحافی نے مسلم لیگ ن کے بارے میں لکھا تو اُسے تین روز تک کمرے میں بند کیا گیا، اب ہم ان ساری باتوں کو روکنے کے لیے قانون لارہے ہیں‘۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے صحافی کی جھوٹی خبر کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی مگر تین سال گزر جانے کے باوجود اںصاف نہیں مل سکا، یہاں ایسے صحافی بیٹھے ہیں جوپیسےلے کرگندا چھالتے ہیں، آزادکشمیرکا وزیراعظم نامزد کرنے پر تین اخباروں نے لکھا جادو ٹونے سے نامزد کیا گیا، میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پیکا قانون سےآزادی صحافت متاثرنہیں ہورہا‘۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں آزاد صحافت کے ںام مافیا بیٹھا ہے جس کا ایجنڈا کچھ اور ہے، ایسے صحافی بھی موجود ہیں جو پیسہ لے کر گند اچھال رہے ہیں، پیکا ترمیمی آرڈینس بہت ضروری ہے، اچھے صحافی معاشرے کا اثاثہ ہیں، سچ لکھنے والے صحافی جعلی خبروں کے خلاف ہیں۔
’شوکت خانم انتظامیہ جھوٹی خبر پر جنگ گروپ کے خلاف لندن میں مقدمہ کرنے جارہی ہے‘
انہوں نے کہ شوکت خانم ہسپتال کی انتظامیہ جنگ گروپ کے خلاف لندن میں جھوٹی خبر پر مقدمہ کرنے جارہی ہے۔