اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ہوم ورک مکمل ہے اور نمبر گیم پورے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سےپی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں کرنے والوں میں ریاض فتیانہ اور نصراللہ ریشک شامل تھے
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کےدوران ممکنہ تحریک عدم اعتماد پرگفتگو کی گئی ، اس موقع پر وزیراعظم نے اپنے مؤقف میں کہا کہ ارکان پراعتماد رہیں،سب کچھ ٹھیک ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر ہوم ورک مکمل ہے، نمبر گیم پورے ہیں، اس دوران ارکان نے یقین دہانی کرائی کہیں نہیں جارہے ایسا سوچا بھی نہیں،آپ مطمئن رہیں۔
ذرائع کے مطابق ارکان نے وزیر اعظم سے گفتگو میں کہا کہ ہم آپ کی ٹیم کاحصہ ہیں، جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ کی وفاداری پر یقین ہے اور پی ٹی آئی کے سب ارکان سے متحدہیں۔
وزیر اعظم نے ارکان سے گفتگو میں کہا کہ تمام اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن تحریک عدم اعتمادکاشوق پوراکرکےدیکھ لےاندازہ ہوجائے گا۔
یاد رہے گذشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر ترجمانوں کو آل از ویل کا پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، اب اپوزیشن سے بھی کہتا ہوں کہ وہ بھی نہ گھبرائے۔