راولپنڈی : امام الحق اور عبداللہ شفیق آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری پارٹنرشپ کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے ہیں۔ راولپنڈی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف قابل دفاع ٹوٹل پوسٹ کرنے کی خواہاں ابتدائی جوڑی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے ۔ اوپننگ جوڑی 51 سالوں میں آسٹریلیا کے خلاف ایسا کرنے والی کسی بھی ملک کی پہلی جوڑی بھی بن گئی ہے۔کسی بھی وکٹ کی شراکت کے اعتبار سے یہ دوسرا موقع ہے جب کسی پاکستانی بیٹنگ جوڑی نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری پارٹنرشپ سکور کی ہو۔ اس سے قبل یونس خان اور اظہر علی نے 2014ء میں متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف تیسری وکٹ کی شراکت میں ایسا ہی کیا تھا۔