وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ، حزب اختلاف نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن بھی جمع کرادی ۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی ، حزب اختلاف کی اس عدم اعتماد کی تحریک پر 86 اراکان نے دستخط کیے ہیں ، جن میں پاکستان مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور اے این پی کے اراکین قمی اسمبلی شامل ہیں ۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 28 ارکان کے اپوزیشن سے مبینہ رابطوں کا انکشاف ہوا ہے ‘ جن کے ناموں کی لسٹ وزیراعطم تک پہنچ گئی ‘ مبینہ مشکوک اراکین کی نگرانی بھی شروع کروا دی گئی ، وزیراعظم عمران خان کو اپوزیشن سے رابطوں میں رہنے والے 28 حکومتی اراکان کی مبینہ فہرست پیش کی گئی ہے ، یہ لسٹ ایک سول ادارے کی جانب سے بھجوائی گئی ہے جس میں شامل تمام اراکان کا تعلق تحریک انصاف سے ہے ، اس لسٹ میں اتحادی جماعتوں کے ارکان کا ذکر نہیں ہے ۔جیو نیوز کے مطابق اراکین میں زیادہ تر ایسے لوگ شامل ہیں جو دیگر جماعتیں چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں آئے تھے ، یہ ناراض اراکین عدم اعتماد میں اپوزیشن کو ووٹ دے سکتے ہیں ، جس کے باعث مبینہ مشکوک اراکین کی نگرانی بھی شروع کروا دی گئی ہے جب کہ ان تمام ناراض اراکین کو منانے کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو دیا گیا ہے ، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے موجودہ صورتحال میں سینئر پارٹی قیادت سے ایک بار پھر مشاورت کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے لیے سینئر پارٹی رہنماؤں کو آج وزیراعظم ہاؤس طلب کیا گیا ہے۔ادھر وزیراعظم عمران خان سے عمران اسماعیل اور فواد چوہدری نے ملاقات کی اور انہیں علیم خان سے ہونے والی بات چیت اور تحفظات سے آگاہ کیا ، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے علیم خان سے ہونے والی بات چیت پر وزیراعظم کو اعتماد میں لیا ، جانگیر ترین گروپ کے مرکزی رہنما علیم خان اسلام آباد میں موجود ہیں ، گورنر سندھ اور فواد چوہدری وزیر اعظم سے علیم خان کی ملاقات کرانے کے لیے متحرک ہیں، علیم خان کی آمادگی پر وزیراعظم عمران خان سے ان کی ملاقات کروائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں