اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن کے ساتھ ملنے والے منحرف اراکین کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے ۔ تحریک انصاف کے 14 منحرف اراکین کو شوکازنوٹس جاری کیے گئے، جنگ اخبار کے مطابق نوٹس نور عالم خان، افضل ڈھاندلا، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض سمیت احمد حسین ڈیہر، رانا قاسم نون، غفار وٹو، باسط بخاری کو جاری کیا گیا۔شوکاز کے متن کے مطابق منحرف اراکین کو وزیراعظم کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا، یہ بھی کہا گیا کہ ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو سے ثابت ہوگیا کہ آپ تمام لوگ پارٹی چھوڑ چکے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ ارکان وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد لانے والی اپوزیشن سےمل چکے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا تھا کہ کہ صبح کا بھولا اگر شام کو واپس آجائے تواسے بھولا نہیں کہتے، منحرف ارکان باطل کو رد کردیں جو پیسے لیے ہیں ان سے یتیم خانے کھول کرسیاسی یتیم ہونے سے بچیں، عدم اعتماد میں وزیراعظم کی فتح یقینی ہوگئی ہے۔