اتنا شوق ہے کسی کو توآئے خود سنبھال لے ، آصف علی زرداری

اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا 100 فیصد یقین ہے اور 100 فیصد پراعتماد ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو آپ کے ساتھ مل کر ہنگامہ کریں گے ، تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کریں گے ۔
اس موقع پر جب صحافی کی جانب سے ان سے سوال کیا گیا کہ کچھ غیر جمہوری قوتیں موجودہ حالات سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں؟ اس کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ اگر کسی کو اتنا شوق ہے تو آئے سنبھال لے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی حکومت کے تصور کا سوال نہیں پیدا ہوتا ، اتحادی بھی تو مل سکتے ہیں ناں؟ عدم اعتماد کی تحریک سو فیصد کامیاب ہوگی ، ان شاء اللّٰہ بہتر ہو گا۔

دوسری طرف ومی اسمبلی کا اجلاس تحریک عدم اعتماد پر بغیر کارروائی کے پیر تک ملتوی کر دیا گیا ، قومی اسمبلی کا اہم اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا ، قومی اسمبلی کے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا جس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد شامل کی گئی ، اجلاس میں مرحوم ارکان اسمبلی کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس 28مارچ بروز پیر تک ملتوی کر دیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پرکارروائی قانون کے مطابق ہو گی ، معزز ممبر کی وفات پر ایجنڈ اگلے دن تک ملتوی کر دیا جاتا ہے ، ماضی میں بھی 24بار قومی اسمبلی کا اجلاس راویت کے تحت ملتوی کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے بعد بلائے گئے قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں سیکورٹی انتہائی سخت کرکے ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ، قومی اسمبلی کے انتہائی اہمیت کے حامل اس اجلاس کے لئے سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں ، ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ کرکے حساس علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے ، اس دوران کسی بھی غیر متعقلہ شخص کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم ریڈ زون جانے والے ملازمین اپنے دفتر کا کارڈ دکھا کر جا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں