لاہور: رکنِ پنجاب اسمبلی جگنو محسن نے عنقریب مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔جگنو محسن نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور 2018ء میں اوکاڑا سے رکنِ صوبائی ایوانِ پنجاب منتخب ہوئیں۔جگنو محسن آج ن لیگ کی ریلی میں بھی شریک ہوئیں۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں عنقریب ن لیگ کو جوائن کروں گی،نوازشریف کے بیانیے میں عوام کی حکمرانی،ووٹ کا تقدس،حقیقی جمہوریت کی بحالی اور صاف شفاف انتخابات کا مطالبہ شامل ہے۔
میں اور میرے شوہر نجم سیٹھی نے بھی آزادی اظہارِ رائے کی صحافت کی۔آج مسلم لیگ ن اور نوازشریف بھی اسی مشن کے لیے بات کر رہے ہیں۔میں نوازشریف کے بیانئے ،حقیقی جمہوریت کی بحالی اور صاف شفاف انتخابات کے لیے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ن لیگ کے مارچ میں شامل ہوں۔
وزیراعظم عمران خان ہوش کے ناخن لیں، وہ اپنی اکثریت کھو چکے ہیں، باعزت طریقے سے مستفعی ہو جائیں۔
۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی مکائو لانگ مارچ کے خاتمے تک عمران خان کا اقتدار ختم ہو چکا ہو گا ،حکومت کے اتحادی بھی جلد اس کیخلاف کھڑے ہوں گے ،سیاسی جماعتوں میں بات چیت سیاسی عمل کا حصہ ہے ،عمران نیازی کے پاس کوئی سرپرائز نہیں ہے جو وہ دے سکے ،ان کے پاس ایک سرپرائز ہے کہ استعفیٰ دے رہے ہیں اور گھر جارہے ہیں ،حکومتی اتحادیوں سے ہماری مشاورت جاری ہے ،تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اگلے سیٹ اپ پر ہم مل جل کر مشاورت سے فیصلے کرینگے ۔
پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے مہنگائی مکائو مارچ میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے ،ساڑھے 3 سالوں سے جاری مسائل کے خلاف مارچ کیا جا رہا ہے ،اس شخص نے عوام کو دوائی لینے کے قابل نہیں چھوڑا ،اس شخص نے ذاتی ملازمین کے نام پر بیرون ممالک سے پارٹی فنڈز کے نام پر پیسے منگوائے ،اب وہ شخص مذہب کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہا ہے ،عوام اس سے قرضوں کا حساب مانگ رہے ہیں،عوام تم سے تمہاری کارکردگی کا پوچھ رہے ہیں،تم روز سرکاری وسائل استعمال کر کے گالی دے رہے ہو۔