اسلام آباد۔16جون ():وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ اب تک کا بدترین معاہدہ کیا ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کے متاثر ہونے کا احساس ہے لیکن اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، صورتحال پر قوم کو جلد اعتماد میں لوں گا۔
جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے اثرات سے پوری طرح آگاہ ہوں لیکن پی ٹی آئی کی سابق حکومت اور آئی ایم ایف کی ڈیل کے باعث موجودہ حکومت کے پاس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا ۔
وزیراعظم نے کہاکہ وہ پی ٹی آئی کی حکومت اور آئی ایم ایف کے مابین ہونے والی ڈیل کے بارے میں قوم کو جلد اعتماد میں لیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ان شاء اللہ ہم اقتصادی مشکلات سے نکل آئیں گے ۔
وزیراعظم نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ جنہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ اب تک کا بدترین معاہدہ کیا اور انتہائی غلط معاشی فیصلے کئے ، کیاوہ سچ کا سامنا کرنے کی ہمت رکھتے ہیں ؟انہوں نے کہاکہ قوم اس وقت جن معاشی مشکلات سے گزررہی ہے
، اس کے ذمہ دار خود کو کیسے بری الزمہ قرار دے سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ سابق پی ٹی آئی حکومت اور آئی ایم ایف معاہدے کے بارے میں قوم کو جلد اعتماد میں لیں گے ۔