قرآن مجید قیامت تک کے لیے منبع رشد و ہدایت اور ذریعہ راہنمائی ہے، اب کسی پیغمبر نے نہیں آنا، خاتم النبین حضور نبی اکرمﷺ نے دعوتِ حق کا فریضہ براہِ راست اُمتِ محمدیہ کو سونپا ہے، مصطفوی تعلیمات کو عصری تقاضوں کے مطابق خاص و عام تک پہنچانا ہر کلمہ گو مسلمان کی دینی ذمہ داری ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اہم موضوعات پر ہزاروں خطابات اور سینکڑوں کتب تحریر فرمائیں اور آئندہ نسلوں کے ایمان کی حفاظت کی، منہاج القرآن کے ہر کارکن کی یہ ذمہ داری ہے کہ شیخ الاسلام کی آواز ہر کان تک پہنچائے اور مصظفوی تعلیمات کو فروغ دے۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فہم دین پراجیکٹ کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شریک تمام فورمز کے ذمہ داران اور فہم دین پراجیکٹ کے کوآرڈی نیٹر حفیظ اللہ جاوید نے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فہم دین پراجیکٹ کے حوالے سے عہدیداروں کی توجہ، احساسِ ذمہ داری اور دلچسپی کو سراہا انھوں نے تمام تنظیمات اور ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ فہم دین پراجیکٹ کے عظیم دعوتی کام کو ترجیح دیں۔
اجلاس میں ڈاکٹر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، نوراللہ صدیقی، علامہ مرتضیٰ علوی، حفیظ اللہ جاوید، میاں عبدالقادر، سدرہ کرامت، محمد ثناء اللہ، عادل ظہیر اور محمد رضا طاہر نے اظہارِ خیال کیا۔
اس موقع پر علامہ میر آصف اکبر، چوہدری عرفان یوسف، منصور قاسم اعوان اور شہباز طاہر المکی بھی موجود تھے۔