لاہور:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی کامیابی کا سہرا تماشائیوں کے سر ہے۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے بیان میں کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل غیرمعمولی حد تک کامیاب رہی جس کی بڑی وجہ کراچی اورلاہور میں بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم آنا تھا۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ اپنے کیرئیرکے دوران لاہورمیں کبھی اتنا زبردست اورپرجوش کراؤڈ نہیں دیکھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تمام شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ایونٹ اورایونٹ کی ایچ ڈی پروڈکشن کوکامیاب بنایا۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس کے منافع کی مد میں 71 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا منافع ہے جس کی وجہ سے ہر فرنچائز نے تقریباً 90 کروڑروپے کمائے ہیں۔
چئیرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو تمام فرنچائز کے ہوم وینیوز پرلے جانے کی خواہش رکھتے ہیں تاکہ فینز کی تعداد بڑھائی جاسکے۔
رمیز راجا نے تمام اسپانسرز، کھلاڑیوں، فرنچائزز، طبی عملے، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز، مقامی اور صوبائی انتظامیہ، کمنٹیٹرز اور براڈکاسٹنگ کے عملے اورگراؤنڈ اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا۔