صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی کاموں میں گہری دلچسپی لے رہا ہوں۔
عوام کو جلد ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات ملنا شروع ہو جائیں گے۔
ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وفاقی حکومت،پنجاب حکومت اور آزاد کشمیر حکومت سے رابطے میں ہوں۔سیالکوٹ سے اسلام آباد موٹر وے منگلا سے گزر کر جائے گی۔
جہلم تا منگلا انٹر چینج بنے گا صاحب داد چیک پر اوور برج بنا کر موٹر وے کو میرپور سے لنک کر دیا جائے گا۔ جس سے میرپور کے لوگ اس موٹر وے سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔
پنجاب حکومت سے دینہ ریلوے اسٹیشن پر واقع پھاٹک پر فلائی اوور بنانے کی منظوری کروا لی گئی ہے اور جلد اس پھاٹک پر فلائی اوور بن جائے گا۔
جڑی کس میں ڈیڑھ سو کنال پر جدید پارک بنا رہے ہیں اس پارک میں واکنگ ٹریک،سائیکلنگ ٹریک، کیفے ٹیریا اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
چترپڑی میں مرکزی قبرستان میں بڑے پیمانے پر سہولیات فراہم کر کے اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے۔
ذیلی کنبہ جات کے مسائل حل کرنے کے لیے واپڈا کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اگر ان کا کوئی حل نہ نکلا تو حکومت آزاد کشمیر اپنے وسائل سے ذیلی کنبہ جات کا ایشو حل کرے گی۔
میں نے الیکشن کے دوران نیو سٹی میرپور کے عوام سے وعدہ کیا تھا انشا ء اللہ ذیلی کنبہ جات کا مسئلہ حل کریں گے۔
راٹھوعہ ہریام پل جلد مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ پل کی تعمیر میں تاخیر کے حوالے سے فائیل ورک مکمل ہو چکاہے، جو حصہ نامکمل ہے وہاں عملی کام جلد شروع ہو گا اب اس پل کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کا پانچ سو ارب کا ترقیاتی پیکج آزاد کشمیر میں خوشحالی کے دروازے کھولے گا۔
اس ترقیاتی پیکیج سے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دورہ میرپور کے دوران میرپور، چکسواری، نیو سٹی میں اپنے اعزاز میں استقبالیہ تقریبات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سنگھوٹ میں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی رہنما چوہدری اقبال عرف بالا کی رہائش گاہ آمد پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
بعد ازاں نیو سٹی میرپور میں چوہدری محمد صدیق کی طرف سے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں نیو سٹی کی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بعد ازاں اگلے روز صدارتی مشیر برائے برطانیہ بیرسٹر کرامت حسین کی رہائشگاہ چکسواری میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں ناشتہ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں چکسواری کی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی
اس موقع پر وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق وزیر آئی ٹی چوہدری اقبال ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری قاسم مجید اور دیگر بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ڈھیری بگا پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی رہنما حاجی اقبال حیدر کی رہائش گاہ پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
بعد ازاں نتھیا ٹاؤن میں چوہدری اسد کی رہائش گاہ پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔