سرکاری سکولوں میں کتابوں کی قلت فروغ علم کے دعوؤں کی نفی ہے،عرفان یوسف
سپیکر پنجاب اسمبلی اس مجرمانہ کوتاہی کے ذمہ داروں کو اسمبلی میں طلب کریں:صدر ایم ایس ایم
لاہور (14اگست 2021) مصطفوی سٹودنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں کتابوں کی قلت تعلیم کو فروغ دینے کے نعروں کی نفی ہے۔ذمہ داروں کا تعین اور کڑی سزا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ نئے تعلیمی سال کے بارے میں وزارت تعلیم اور متعلقہ تمام ادارے پیشگی با خبر ہوتے ہیں اور مطلوبہ کتب کی تعداد کے بارے میں بھی سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پرائمری ایجوکیشن کا شعبہ بروقت اپنی ڈیمانڈ بھجوا دیتے ہیں،اس کے باوجود بروقت کتب کا شائع نہ ہونا اور طلبہ کو درسی کتب سے محروم رکھنا بہت بڑی نا اہلی ہے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہیٰ بطور سپیکر پنجاب اسمبلی انتہائی متحرک کردار ادا کر رہے ہیں وہ ایوان کو حکومت کی خواہش کے بجائے آئین و قانون کے مطابق رولنگز دے رہے ہیں۔میٹرک تک مفت کتابوں کی فراہمی کا فیصلہ بھی ان کے دور حکومت میں کیا گیا تھا لہذا وہ درسی کتب کے بروقت پرنٹ نہ ہونے کے سنگین معاملہ کا نوٹس لیں،ذمہ داروں کو اسمبلی میں طلب کریں اور اس پر حکومت سے جواب لیں اور ذمہ داروں کو سزائیں دلوائیں تاکہ دوبارہ اس نوع کی کوتاہی کا اعادہ نہ ہو سکے۔