موجودہ انتخابی نظام ڈیفالٹرز کا محافظ ہے۔خرم نواز گنڈا پور

عوامی تحریک نے 23دسمبر کو نظام انتخاب کو دھاندلی سے پاک کرنے کیلئے تاریخ سازجلسہ کیا

ڈاکٹر طاہر القادری نے مینار پاکستان جلسے میں ریاست کے
سیاسی،سماجی اور معاشی امراض کی نشاندہی کی

عوامی تحریک کی جدوجہد استحصالی نظام اور سٹیٹس کو کے خاتمے کیلئے ہے،سیکرٹری جنرل پی اے ٹی

اسلام أباد
(23دسمبر 2021ء)
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ 23دسمبر2012 کے دن پاکستان عوامی تحریک نے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں تاریخ میں پہلی بار”سیاست نہیں ریاست بچاؤ“ کانعرہ بلند کرتے ہوئے سیاسی اشرافیہ کے تین طاقتور ترین طبقات جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں کے بنائے ہوئے عوام دشمن انتخابی نظام پر نقطہ اعتراض اٹھایا۔پاکستان عوامی تحریک نے 23دسمبر کو نظام انتخاب کو آئین کے تابع لانے اور دھاندلی سے پاک کرنے کیلئے مینار پاکستان پر تاریخ سازجلسہ کیا۔ملکی سیاسی تاریخ کا یہ پہلا جلسہ تھا جو خالصتاً ملک و قوم اور حقیقی جمہوریت لانے کیلئے منعقد کیا گیا تھا۔ڈاکٹر طاہر القادری نے آج سے 9سال قبل کہا تھا کہ اس نظام میں 100الیکشن بھی ہو جائیں مگر تبدیلی نہیں آئے گی۔ڈاکٹر طاہر القادری نے ہمیشہ موجودہ استحصالی نظام اور سٹیٹس کو کے خاتمے کی بات کی ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری عوام کے سامنے ایک ایسا متبادل انقلابی،فلاحی اور حقیقی جمہوری نظام رکھنا چاہتے تھے جو آئین اور قانون کے مطابق ہو۔جس میں عوام کے دکھوں کا مداوا ہو۔ڈاکٹر طاہر القادری نے مینار پاکستان کے جلسے میں ریاست کے سیاسی،سماجی اور معاشی امراض کی نشاندہی کی۔پاکستان کے باشعور عوام نے ان کی تشخیص سے اتفاق کیا۔انہوں نے کہاکہ جب تک یہ فرسودہ نظام انتخاب ٹھیک نہیں ہو گا عوام کے حقیقی نمائندے اسمبلیوں میں نہیں پہنچ سکیں گے۔خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ آج بھی حقیقی جمہوریت کی بحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دھاندلی زدہ انتخابی نظام ہے۔اس نظام کو عوامی امنگوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ آئین کہتا ہے کہ کوئی ڈیفالٹر الیکشن نہیں لڑ نہیں سکتا مگر اسمبلیاں ڈیفالٹرز سے بھری پڑی ہیں اور یہ نظام کرپٹ اور ڈیفالٹرز کا راستہ روکنے میں ناکام ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک پر امن جدوجہد کے ذریعے نظام انتخاب کو دھن،دھونس،دھاندلی سے پاک کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں