امریکہ، بھارت، اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کا نیا اتحاد قائم ہو گیا۔ نئے اتحاد کا نام آئی ٹو یو ٹو رکھا گیا ہے۔
اس گروپ میں ‘آئی ٹو’ انڈیا اور اسرائیل کے لیے اور ’یو ٹو‘ امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے لیے ہے۔گروپ کے قیام کا فیصلہ بھارتی وزیر خارجہ کے گزشتہ برس دورہ اسرائیل کے دوران دیگر تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ میٹنگ میں کیا گیا تھا۔
امریکی صدر جو بائیڈن آئندہ ماہ دورہ مشرقی وسطیٰ کے دوران آئی ٹو یوٹو سے متعلق کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ ورچوئل کانفرنس میں بھارت ، اسرائیل، امریکا اور متحدہ عرب امارات کے سربراہان شریک ہوں گے۔امریکی حکام کے مطابق اس ورچوئل سمٹ میں فوڈ سکیورٹی کے بحران اور باہمی تعاون کے دیگر شعبوں پر بات چیت کی جائے گی۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ بھارت صارفین کی بہت بڑی مارکیٹ ہے، ساتھ ہی ساتھ یہ جدید ٹیکنالوجی اور انتہائی مطلوب پراڈکٹس کا تیار کنندہ بھی ہے۔نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی، کاروبار، ماحولیات، کورونا وبا اور سکیورٹی کے شعبوں میں یہ ممالک مل کر کام کر سکتے ہیں۔