اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں حفاظتی انتظامات کے تحت شہر میں مقیم غیر ملکیوں، ملازمین، کرایہ دار اور غیرقانونی پناہ گزینوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔
اسلام آباد پولیس ترجمان کے مطابق چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کی جانب سے ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ کو دو روز میں رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور جس کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اندراج کا عمل شروع کر دیا۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں موجود غیر قانونی پناہ گزینوں کے لیے متبادل جگہ دیکھی جا رہی ہے اور یہ اقدام سیکیورٹی کے لیے اٹھایا گیا تاکہ کوئی دہشت گرد یا شرپسند ان کے درمیان نہ ٹھہرسکے
پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے ملازمین، کرایہ داروں اور غیر قانونی پناہ گزینوں کی فوری رجسٹریشن کروائیں۔ علاوہ ازیں ہوٹل مالکان رہائش کے لیے آنے والے مہمانوں اور غیرملکیوں کا مکمل ریکارڈ رکھیں اور تمام تفصیلات متعلقہ تھانے کو مہیا کریں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق غیر قانونی رہائش دینے والے شہریوں اور ہوٹل مالکان کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی اور اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔